مانسہرہ (مانیٹرنگ ڈیسک – 22 جنوری 2024ء): مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ جو لوگ 10 سال خیبرپختونخوا میں حکومت میں رہے، انہوں نے یہاں کچھ نہیں بنایا۔ کیا نیا خیبرپختونخوا یا نیا پاکستان بنایا گیا؟ یہاں پر کسی نے کچھ بنایا ہے تو وہ میں نے بنایا ہے، جن لوگوں نے بگاڑنا تھا وہ بگاڑ کر چلے گئے، پاکستان کو دوبارہ پٹڑی پر ڈالنا جان جوکھوں کا کام ہوگا۔
مانسہرہ میں مسلم لیگ ن کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے، میاں نواز شریف نے کہا کہ 2013 میں انتخابی جلسے میں مانسہرہ آیا تھا، ان لوگوں نے آپ سے کتنا دور کردیا تھا، کبھی جیل میں، کبھی لندن، آج 10 سال بعد آپ کے درمیان ہوں، آج یہاں وزیراعظم بننے نہیں الیکشن لڑنے آ یا ہوں، آپ مجھے ووٹ دیں گے یا نہیں؟
قائد ن لیگ نے کہا کہ جس کی 10 سال خیبرپختونخوا میں حکومت رہی، انہوں نے یہاں کچھ بنایا ہے؟ کیا نیا خیبرپختونخوا یا نیا پاکستان بنایا گیا؟ یہاں پر کسی نے کچھ بنایا ہے تو وہ میں نے بنایا ہے، موٹروے جاکر دیکھیں، اگر 5 جج مجھے نہ ہٹاتے تو مانسہرہ میں خوبصورت ایئرپورٹ اور میٹرو بس ہوتی۔
قائد ن لیگ نے کہا کہ گزشتہ حکومت نے موٹروے کو سکھر سے آگے نہیں بڑھایا، ہماری حکومت کو مدت پوری کرنے دی گئی ہوتی تو اگلی حکومت بھی ہماری ہوتی، لوگوں کو روزگار دیا، گیس فراہم کی، ملک سے لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا اور سستی بجلی فراہم کی۔