پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں آج کاروباری ہفتے کے آغاز پر غیر معمولی تیزی دیکھی گئی جہاں 100 انڈیکس میں 1211 پوائنٹس کا اضافہ ہوا۔
1211 پوائنٹس کے اضافے کے بعد 100 انڈیکس 81 ہزار 155 پوائنٹس پر بند ہوا۔ کاروباری روز کے دوران 100 انڈیکس نے نئی بلند ترین سطح 81 ہزار 428 پوائنٹس تک پہنچائی۔ آج کے بازار میں 44 کروڑ شیئرز کے سودے 27 ارب روپے میں طے ہوئے جبکہ مارکیٹ کیپٹلائزیشن 97 ارب روپے بڑھ کر 10 ہزار 727 ارب روپے تک پہنچ گئی۔
آئی ایم ایف سے اسٹاف لیول معاہدے کے بعد پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی دیکھنے میں آ رہی ہے۔ دو روز قبل پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان اسٹاف لیول معاہدہ طے پایا تھا، جس کے مطابق آئی ایم ایف پاکستان کو 37 ماہ کے دوران 7 ارب ڈالر قرض فراہم کرے گا۔ قرض فراہمی کی حتمی منظوری آئی ایم ایف کا ایگزیکٹو بورڈ دے گا۔