پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی ) کی نئی سلیکشن کمیٹی کا اعلان تو ہوگیا لیکن اب بھی قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان شاہین آفریدی کی کپتانی کے مستقبل کے حوالے سے بورڈ کوئی حتمی فیصلہ نہیں کر سکا۔
اتوار کو پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے پی سی بی کی سلیکشن کمیٹی کا اعلان کیا۔
محسن نقوی نے لاہور میں پریس کانفرنس کی جس میں انہوں نے بتایا کہ سلیکشن کمیٹی کی از سر نو تنظیم کی ہے، سلیکشن کمیٹی اب 7 افراد پر مشتمل ہو گی،نئی چیز یہ ہے کہ اب سلیکشن کمیٹی میں کوئی چیئرمین نہیں ہو گا۔
انہوں نے بتایا کہ سلیکشن کمیٹی میں محمد یوسف ، وہاب ریاض ، عبدالرزاق، اسدشفیق، ہیڈ کوچ ، کپتان اور ایک اینالسٹ شامل ہوگا۔
چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ ساتوں ممبران مشاورت کے ساتھ فیصلہ کیا کریں گے،کمیٹی ہر فیصلے کو حتمی شکل دے گی ،تمام ساتوں ارکان کے پاس یکساں اختیار ہو گا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے پریس کانفرنس میں قومی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم کے کپتان شاہین آفریدی کی کپتانی کے مستقبل کے حوالے سے کوئی واضح اعلان نہیں کیا۔
پریس کانفرنس میں رواں سال ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں قومی ٹیم کی کپتانی سے متعلق جب چیئرمین پی سی بی سے سوال کیا گیا تو انہوں نے جواب دیا کہ وہ خود نہیں جانتے کہ ٹیم کا کپتان کون ہوگا، شاہین کپتانی کو جاری رکھیں گے یا ان کی جگہ ٹیم کے نئے کپتان کا اعلان ہوگا اس بارے میں پیر سے شروع ہونے والے قومی ٹیم کے فٹنس کیمپ کے بعد فیصلہ کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ کپتانی کے حوالے سے بہت سے تکنیکی پہلوؤں کو دیکھا جائے گا، اس کی تفصیل میں ابھی نہیں جاؤں گا، لیکن ہم طویل مدت کے لیےاس کا حل نکالنا چاہتے ہیں، شاہین ہو یا کوئی نیا کپتان ہم اسے لمبا وقت دینا چاہتے ہیں یہ نہیں کہ ایک میچ یا ٹورنامنٹ میں شکست پر ہم کپتان تبدیل کردیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال بھارت میں ہونے والے ورلڈکپ میں شکست کے بعد بابر اعظم کپتانی سے دستبردار ہوگئے تھے جس کے بعد شاہین آفریدی کو ٹی ٹوئنٹی ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا تھا۔
قومی کرکٹ ٹیم کو شاہین کی کپتانی میں نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں 4-1 سے بری طرح شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔