حال ہی میں قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی کپتانی سے ہٹائے جانے والے شاہین شاہ آفریدی نے انسٹا گرام پر متنازعہ اسٹوری شیئر کردی۔
تفصیلات کے مطابق فاسٹ بولر اور سابق کپتان شاہین شاہ آفریدی کی انسٹاگرام پر لگائی گئی اسٹوری قومی ٹیم میں گروپنگ اور انتشار کی خبروں کا پتہ دینے لگی۔
شاہین شاہ آفریدی کی جانب سے لگائی گئی اسٹوری کے الفاظ کچھ یوں تھے،’ مجھے کبھی ایسی پوزیشن میں مت لانا جہاں مجھے یہ دکھانا پڑے کہ میں کتنا ظالم اور بے رحم ہو سکتا ہوں! میرے صبر کا امتحان نہ لیں کیونکہ میں شاید سب سے مہربان اور پیارا شخص ہوں جس سے آپ کبھی ملے ہوں لیکن ایک بار جب میں اپنی حد تک پہنچ جاتا ہوں تو آپ مجھے وہ کام کرتے دیکھیں گے جو کسی نے سوچا بھی نہیں تھا‘۔
سابق کپتان کی انسٹا اسٹوری اس بات کا اشارہ دے رہی ہے کہ قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کے درمیان سب کچھ ٹھیک نہیں ہے۔خیال رہے کہ شاہین کو محض نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میں قیادت کا موقع دیا گیا تھا جہاں گرین شرٹس کو شکست منہ دیکھنا پڑا تھا۔
ابھی حالیہ دنوں میں کئی روز کی چہ مگوئیوں کے بعد کاکول میں جاری ٹریننگ کیمپ کے دوران شاہین کو کپتانی سے ہٹاکر بابر اعظم کو ایک مرتبہ پھر قیادت کی ذمہ داری دی گئی اور شاہین کے نام سے پریس ریلیز بھی جاری کی گئی تھی جس پر فاسٹ بولر نے شدید احتجاج کیا تھا۔