پاکستان کے نمبر ٹو جیولین تھرور محمد یاسر: ‘اولمپک میڈل وہی جیتے گا جو دباؤ برداشت کرے گا’
محمد یاسر، جو کہ ایشین تھروئنگ چیمپئن شپ میں سلور میڈل جیت چکے ہیں، نے کہا ہے کہ اولمپکس میں میڈل وہی ایتھلیٹ جیتے گا جو دباؤ کو برداشت کر سکے گا۔
جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے محمد یاسر نے ارشد ندیم کے بارے میں تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ارشد ندیم کا اعتماد اور ردہم کافی مضبوط ہے، خاص طور پر ان کی کوالیفائنگ راؤنڈ کی پہلی تھرو 86 میٹر سے زائد ہونا ان کی بہترین کارکردگی کا اشارہ ہے۔ محمد یاسر نے مزید کہا کہ فائنل میں سخت مقابلہ ہوگا کیونکہ نیرج چوپڑا اور دیگر ٹاپ جیولین تھرور بھی فارم میں ہیں۔
محمد یاسر نے ارشد ندیم کی سخت محنت اور بھرپور ٹریننگ کی تعریف کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ اپنے پرسنل بیسٹ کے ساتھ گولڈ میڈل جیت سکتے ہیں۔ تاہم، انہوں نے خبردار کیا کہ فائنل کا پریشر بڑا چیلنج ہوگا اور جو ایتھلیٹ اس دباؤ کو برداشت کرے گا، وہی کامیاب ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو کئی دہائیوں سے اولمپک میڈل نہیں ملا، اور ارشد ندیم کی کامیابی ایتھلیٹکس میں نئی زندگی بھر سکتی ہے اور نئے کھلاڑیوں کو متحرک کر سکتی ہے۔
پیرس اولمپکس میں جیولین تھرو کا فائنل آج ہوگا، جس میں پاکستان کے ارشد ندیم سمیت 12 ایتھلیٹس میدان میں اتریں گے۔