کابل: افغانستان کے ٹاپ آرڈر بلےباز احسان اللہ پر کرپشن کے الزامات کے تحت 5 سال کی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ افغانستان کرکٹ بورڈ (اے سی بی) نے رواں سال کے آغاز میں کابل پریمیئر لیگ کے دوسرے ایڈیشن کے دوران کرکٹر پر کرپشن کے الزام کے تحت فوری طور پر یہ پابندی لگائی۔
بورڈ نے احسان اللہ کو آئی سی سی کے انسداد بدعنوانی کوڈ کے آرٹیکل 2.1.1 کی خلاف ورزی کا قصوروار پایا، جو کہ اثر و رسوخ کے غلط استعمال اور میچ کے دوسرے پہلو میں ہیرا پھیری کی کوششوں سے متعلق ہے۔ اس خلاف ورزی کے نتیجے میں احسان اللہ پر تمام فارمیٹ کی کرکٹ کھیلنے پر 5 سال کی پابندی عائد کی گئی ہے، اور کرکٹر نے الزامات کو تسلیم کر لیا ہے۔
اس کے علاوہ، افغان کرکٹ بورڈ تین دیگر کھلاڑیوں کے ممکنہ کرپشن میں ملوث ہونے کی تحقیقات بھی کر رہا ہے۔ 26 سالہ احسان اللہ نے کابل پریمیئر لیگ 2024 میں شمشاد ایگلز کی نمائندگی کی، جہاں انہوں نے چار اننگز میں 72 رنز بنائے اور ان کی اوسط 18 رہی، جبکہ ان کی ٹیم لیگ میں آخری نمبر پر رہی۔ احسان اللہ نے تینوں فارمیٹس میں مجموعی طور پر 20 میچوں میں افغانستان کی نمائندگی کی ہے۔