تھائی لینڈ کے شہری کو ٹوائلٹ میں بیٹھتے ہوئے ایک بڑے اژدھے نے کاٹ لیا، جس سے وہ زخمی ہو گیا۔
ڈیلی میل کی رپورٹ کے مطابق، تھائی شہری تھنت ٹوائلٹ میں موجود تھا کہ اچانک کموڈ سے نکلنے والے اژدھے نے اسے کاٹ لیا، جس سے اسے شدید تکلیف پہنچی۔ تھنت نے فوراً اژدھے کی موجودگی کا ادراک کرتے ہوئے ٹوائلٹ میں موجود برش سے اژدھے پر حملہ کیا اور اسے مار ڈالا۔
اژدھے کو مارنے کے بعد ٹوائلٹ خون آلود ہو گیا۔ ایک ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ تھنت کموڈ سے اژدھے کو مضبوطی سے پکڑے ہوئے ہے۔
رپورٹ کے مطابق، اژدھے کے کاٹنے سے تھنت کو شدید درد ہوا، جس کے بعد اسے اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے طبی امداد فراہم کی اور گھر بھیج دیا۔ تھنت نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وہ اب مکمل طور پر صحت یاب ہے، مگر وہ حادثے والے ٹوائلٹ کا استعمال نہیں کرتا۔