چالان پر واپڈا ملازم کا دلچسپ انتقام: ٹریفک سگنل کی بجلی کاٹ دی۔

چالان

لاہور: پنجاب کے صوبائی دارالحکومت لاہور میں، ایک واپڈا ملازم نے چالان ہونے کے بعد انتقامی کارروائی کرتے ہوئے ٹریفک سگنل کی بجلی کاٹ دی۔

تفصیلات کے مطابق، لاہور پولیس کے اہلکار کھاڑی نالہ کے مقام پر ناکہ لگائے ہوئے تھے اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والی گاڑیوں کو روک رہے تھے۔ جب ایک موٹر سائیکل سوار بغیر ہیلمٹ کے نظر آیا، تو ٹریفک وارڈن افضل نے اسے رکنے کا اشارہ دیا۔ موٹر سائیکل سوار نے خود کو واپڈا کا ملازم بتاتے ہوئے چالان کو چیلنج کیا، لیکن وارڈن نے اس کا چالان کردیا۔

چالان پر غصے میں آکر، موٹر سائیکل سوار نے وارڈن کو دھمکی دی کہ "میں تمہارا علاج کرواتا ہوں۔” اس کے کچھ ہی دیر بعد، واپڈا کی گاڑی وہاں پہنچ گئی اور چوک کے ٹریفک سگنل کی بجلی کاٹ دی۔

ٹریفک پولیس نے فوراً 15 پر کال کی، جس پر گلشن راوی پولیس نے متعلقہ ایس ڈی او کو تھانے طلب کیا۔ ڈی ایس پی رانا یونس کے مطابق، دونوں فریقین کے درمیان صلح کے بعد ٹریفک سگنل کی بجلی بحال کر دی گئی۔

پولیس حکام کے مطابق، گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کے مالکان عموماً ٹریفک قوانین کی پابندی نہیں کرتے، اور چالان ہونے پر اکثر ہنگامہ کرتے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے