دی ہیگ (مانیٹرنگ ڈیسک – 26 جنوری 2024ء) عالمی عدالت انصاف نے اسرائیل کے غزہ میں فلسطینیوں کے خلاف جنگی جرائم سے متعلق درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے کیس معطل کرنے کی اسرائیلی درخواست مسترد کر دی۔
نجی ٹی وی بول نیوز کے مطابق عالمی عدالت انصاف نے فیصلے میں کہا کہ اسرائیل نے غزہ میں بڑے پیمانے پر آپریشن کیا، غزہ میں انسانی المیہ جنم لے رہا ہے۔ اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر شہریوں کی اموات ہوئیں۔ اقوام متحدہ کے کئی اداروں نے اسرائیلی حملوں کے خلاف قراردادیں پیش کی ہیں۔ غزہ میں اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں انسانی جانوں کے ضیاع پر تشویش ہے۔ حماس کے جواب میں اسرائیلی حملوں میں بہت جانی اور انفراسٹرکچر کا نقصان ہوا ہے۔
فیصلے میں کہا گیا کہ عدالت غزہ میں انسانی المیے کی حد سے آگاہ ہے اور عدالت کو جینوسائیڈ کنونشن کے تحت کیس سننے کا اختیار ہے۔ جنوبی افریقہ کے غزہ میں فلسطینیوں کی نسل کشی سے متعلق عائد کردہ الزامات میں سے کچھ درست ہیں۔ اسرائیل کے خلاف نسل کشی کا مقدمہ خارج نہیں کریں گے۔ اسرائیل کے خلاف نسل کشی کیس سے متعلق کافی ثبوت موجود ہیں، عالمی عدالت انصاف نے غزہ نسل کشی کیس معطل کرنے کی اسرائیل کی درخواست مسترد کر دی۔
واضح رہے کہ جنوبی افریقہ نے اسرائیل کے خلاف غزہ میں فلسطینیوں کی نسل کشی اور بطور ریاست جنگی جرائم کا ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے عالمی عدالت انصاف میں مقدمہ دائر کیا تھا۔