جدہ : سعودی عرب میں مقیم غیر ملکیوں کے لئے جلد خوشخبری متوقع ہے اور سعودی عرب نےمملکت میں مقیم غیر ملکیوں پر لاگو فیملی فیس پر نظر ثانی کرنے کافیصلہ کرلیا۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق سعودی وزیر خزانہ محمد الجدعان نے کہا ہے کہ مملکت میں مقیم غیر ملکیوں کی فیملی فیس پر نظر ثانی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ ’فیملی فیس پر نظر ثانی اس لیے بھی ضروری ہے کہ کیونکہ سعودی عرب معیشت کی بہتری کے لیے ہنر مندوں کو راغب کر رہا ہے‘۔
سعودی وزیر خزانہ نے کہا ہے کہ ’غیر ملکیوں پر فیملی فیس عائد کرنا اس لیے ضروری تھا کیونکہ وہ پانی اور بجلی میں حکومتی سبسڈی سے فائدہ اٹھا رہے ہیں، 2016 میں مشکل فیصلے کئے گئے تھے جن میں ویلیو ایڈڈ ٹیکس، الاؤنس میں کمی اور غیر ملکیوں پر فیملی فیس شامل ہے‘۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’2018 میں کئی مالی إصلاحات ہوئی ہیں جبکہ 2020 میں کورونا کا بحران تھا‘۔