ابوظہبی (ویب ڈیسک) – متحدہ عرب امارات نے پاکستان میں 10 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی یقین دہانی کرادی، جسے وزیراعظم شہباز شریف کی سفارتی محاذ پر بڑی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق، وزیراعظم محمد شہباز شریف نے متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان سے ابوظہبی میں ملاقات کی۔ اس ملاقات میں وزیرِ اعظم نے شیخ طحنون بن محمد النہیان اور شیخ حزہ بن سلطان النہیان کی وفات پر تعزیت کا اظہار کیا۔
ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تعلقات، بشمول سیاسی، اقتصادی، اور دفاعی شعبوں میں تعاون پر گفتگو ہوئی۔ وزیرِ اعظم نے انفارمیشن ٹیکنالوجی، قابل تجدید توانائی، اور سیاحت کے شعبوں میں تعاون کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا۔
دوران ملاقات، متحدہ عرب امارات کے صدر نے پاکستان میں 10 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی یقین دہانی کرائی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے توانائی، پورٹ آپریشنز، غذائی تحفظ، مواصلات، معدنیات، بینکنگ، اور مالیاتی سروسز کے شعبوں میں سرمایہ کاری پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
وزیراعظم کے ہمراہ نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ محمد اسحاق ڈار، وزیرِ تجارت جام کمال خان، وزیرِ دفاع خواجہ آصف، اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی شریک تھے۔
متحدہ عرب امارات کے صدر کی جانب سے پاکستان میں 10 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی یقین دہانی کو وزیراعظم شہباز شریف کی سفارتی محاذ پر بڑی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔