نوبیل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی نے فلسطینی طلبہ کے لیے اسکالر شپ کا اعلان کردیا۔
ملالہ فنڈ کی شریک بانی ملالہ یوسفزئی نے آکسفورڈ پاکستان پروگرام کی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے آکسفورڈ یونیورسٹی میں فلسطینی طلبہ کے لیے اسکالر شپ کا اعلان کیا۔
اپنے خطاب میں ملالہ یوسفزئی نے کہا کہ غزہ کے 80 فیصد سے زیادہ اسکول اور تمام یونیورسٹیاں یا تو مکمل طور پر تباہ ہوچکی ہیں یا انہیں نقصان پہنچا ہے۔
ملالہ یوسفزئی نے کہا کہ غزہ کے تعلیمی نظام کی تعمیر نو کے لیے دیر پا جنگ بندی اور کئی سال تک سرمایہ کاری کرنے کی ضرورت ہے۔
ملالہ یوسفزئی نے کہا کہ یہ صرف اسکالر شپ نہیں ہے بلکہ فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کا ایک اشارہ ہے۔
اسکالر شپ حاصل کرنے والے فلسطینی طلبہ اکتوبر 2024 میں آکسفورڈ یونیورسٹی کے مارگریٹ ہال میں اپنی تعلیم کا آغاز کریں گے۔