ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کے ہیلی کاپٹر حادثے میں جاں بحق ہونے کے بعد آج ایران میں قبل از وقت صدارتی انتخابات منعقد ہو رہے ہیں۔
ایرانی میڈیا کے مطابق، ان انتخابات میں چار امیدوار میدان میں ہیں جبکہ دو امیدوار مقابلے سے دستبردار ہو چکے ہیں۔ صدارتی انتخابات کے لیے سعید جلیلی، محمد باقر، مسعود پزیشکیان، اور مصطفیٰ پورمحمدی کے درمیان مقابلہ ہوگا۔
دستبردار ہونے والے امیدواروں میں تہران کے میئر علی رضا زکانی اور شہدا فاؤنڈیشن کے سربراہ امیر حسین غازی زادہ شامل ہیں۔ دونوں امیدوار مقبولیت میں کمی کی وجہ سے دستبردار ہوئے۔
واضح رہے کہ صدر ابراہیم رئیسی کی حادثاتی موت کے باعث ایران میں قبل از وقت انتخابات ہو رہے ہیں۔ صدر ابراہیم رئیسی دیگر سات ایرانی عہدیداروں سمیت گزشتہ ماہ ہیلی کاپٹر حادثے میں جاں بحق ہوئے تھے۔
ایران میں صدارتی انتخابات کے لیے ووٹنگ کا آغاز صبح 8 بجے ہوا ہے، جس میں 6 کروڑ 10 لاکھ سے زائد افراد ووٹنگ کے اہل قرار دیے گئے ہیں۔
ایرانی میڈیا کے مطابق، صدارتی انتخابات کے حتمی نتائج کا اعلان دو روز میں کیا جائے گا۔ اگر کوئی بھی امیدوار 50 فیصد سے زیادہ ووٹ حاصل نہ کر سکا تو انتخابات کا دوسرا مرحلہ ہوگا۔