اسرائیل کا خان یونس میں تیسری بار آپریشن، بمباری سے 81 فلسطینی شہید، 200 سے زائد زخمی۔

اسرائیل

اسرائیلی فوج نے خان یونس میں تیسری بار آپریشن شروع کر دیا ہے۔ مشرقی علاقے میں رہائشی عمارتوں اور بے گھر فلسطینیوں کے خیموں پر بمباری سے 81 نہتے فلسطینی شہید اور 200 سے زیادہ زخمی ہوگئے ہیں۔

اسرائیلی افواج نے لاکھوں بے گھر فلسطینیوں کو دوبارہ جبری بے دخلی کا حکم دیا ہے، جبکہ غزہ کے دیگر علاقوں میں بھی صیہونی افواج کے حملے جاری ہیں۔ غزہ شہر میں اقوام متحدہ کی امدادی ایجنسی کا قافلہ بھی اسرائیلی حملے کی زد میں آیا۔

غزہ میں مزید دو اسرائیلی یرغمالی ہلاک ہوگئے ہیں، جس کی تصدیق اسرائیلی فوج نے کی ہے۔ دستی بم دھماکے میں ایک اسرائیلی فوجی افسر بھی ہلاک ہوگیا۔

دوسری جانب، لبنان سے حزب اللہ نے اسرائیلی فوجی بنکرز پر ڈرون حملے کیے ہیں۔

اسرائیلی کابینہ نے اقوام متحدہ کی امدادی ایجنسی اُنروا کو دہشت گرد تنظیم قرار دینے کا بل منظور کر لیا ہے۔

اسرائیل جنگ بندی مذاکرات کے لیے جمعرات کو اپنا وفد مصر بھیجے گا۔

واضح رہے کہ 7 اکتوبر سے جاری جنگ میں فلسطینی شہدا کی مجموعی تعداد 39 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔ شہید اور زخمیوں میں نصف سے زائد تعداد بچوں اور خواتین کی ہے، جبکہ لاکھوں افراد بے گھر ہو کر خیمہ بستیوں میں زندگی گزارنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے