اسلام آباد: بجلی کے ترسیلی نظام کی بہتری میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ پاکستان نے بجلی کے ترسیلی نظام میں موجود نقائص کو دور کرنے کے لیے چین سے مدد لینے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق، وزیراعظم شہباز شریف اس سلسلے میں چینی سفیر سے ملاقات کریں گے جس میں بجلی کے ترسیلی نظام کے مسائل پر بات چیت کی جائے گی۔ یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ چائنا اسٹیٹ گرڈ کے ساتھ مل کر ترسیلی نظام کو بہتر بنایا جائے گا۔
ذرائع نے بتایا کہ ترسیلی نظام میں موجود خرابیوں کی وجہ سے سستے پاور پلانٹس کو بند رکھا جاتا ہے اور بجلی کے ٹرانسمیشن سسٹم میں مستقل خرابیاں موجود ہیں۔ ترسیلی نظام کی فنی خرابیوں کو دور کرنے سے بجلی کی قیمتوں میں 2 روپے فی یونٹ تک کمی لائی جا سکتی ہے۔
پاور ڈویژن کے ذرائع کے مطابق، بجلی کے ترسیلی نظام کی فنی خرابیوں کی وجہ سے سستی بجلی کی بلا تعطل ترسیل ممکن نہیں ہو پا رہی۔ اس منصوبے کے ذریعے ان خرابیوں کو دور کرنے کی کوشش کی جائے گی تاکہ صارفین کو سستی اور بلا تعطل بجلی فراہم کی جا سکے۔