بالی وڈ اداکارہ ایشوریا رائے اور ابھیشیک بچن کے درمیان ان دنوں علیحدگی کی افواہیں سرگرم ہیں، جن کی پیشگوئی بھارتی پنڈت بھی کرچکے ہیں۔ مداح اب بھی جوڑے کو ایک ساتھ دیکھنے کے خواہش مند ہیں۔
بالی وڈ میڈیا پر متعدد مرتبہ خبریں سامنے آئی ہیں کہ ایشوریا کے اپنے شوہر ابھیشیک بچن سے تعلقات ٹھیک نہیں ہیں، جس کی اہم وجہ ان کی نند شویتا بچن ہیں۔ امیتابھ بچن کی بیٹی شویتا نندا کو جوہو میں پرتعیش بنگلہ تحفے میں دینے پر بھی بچن خاندان میں اختلافات کی خبریں سامنے آئی تھیں۔
اب بھارتی میڈیا پر مقبول چیٹ شو ‘کافی ود کرن’ کا ایک پرانا ویڈیو کلپ شیئر کیا گیا ہے جس میں ابھیشیک اور شویتا بچن نے بطور مہمان شرکت کی تھی۔ اس ویڈیو کلپ سے بھی یہ تاثر ملتا ہے کہ شویتا اور ایشوریا کے درمیان تعلقات میں کشیدگی ہے۔