سابق بنگلادیشی وزیراعظم حسینہ واجد کے بیٹے کا بیان: والدہ ملک چھوڑنے پر مایوس تھیں، ان کی جان کو خطرہ تھا۔
سابق بنگلادیشی وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کے بیٹے صجیب واجد نے انکشاف کیا ہے کہ ان کی والدہ ملک چھوڑ کر نہیں جانا چاہتی تھیں۔ بھارتی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں صجیب واجد نے بتایا کہ شیخ حسینہ واجد نے مستعفی ہونے کے بعد بنگلادیش میں ہی رہنے کی خواہش ظاہر کی تھی، لیکن فیملی کے اصرار کے بعد انہیں ملک چھوڑ کر جانا پڑا۔
صجیب واجد کے مطابق، فیملی نے والدہ کو ملک چھوڑنے پر راضی کیا کیونکہ ان کی جان کو خطرہ لاحق تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ والدہ ملک کی موجودہ صورتحال سے مایوس ہیں، حالانکہ ان کا وطن سے محبت کا جذبہ آج بھی برقرار ہے۔
صجیب نے بتایا کہ حسینہ واجد کا خواب تھا کہ بنگلادیش کو ایک ترقی یافتہ ملک بنائیں، اور انہوں نے گزشتہ 15 سالوں میں ملک کو عسکریت پسندی اور دہشت گردی سے محفوظ رکھنے کے لیے بہت محنت کی۔ لیکن، ان کی جدوجہد کے باوجود ملک میں اقلیتوں، اپوزیشن، اور عسکریت پسندوں نے اقتدار پر قبضہ کرلیا ہے۔
یاد رہے کہ بنگلادیش میں کوٹہ سسٹم کے خلاف ایک ماہ سے جاری مظاہروں کے بعد شیخ حسینہ واجد نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا اور بھارتی دارالحکومت نئی دہلی فرار ہوگئی تھیں۔