سابق اسرائیلی میجر جنرل کا دعویٰ: اگلے ایک سال میں اسرائیل کا خاتمہ ممکن۔

اسرائیل

سابق اسرائیلی جنرل کی پیشگوئی: "ایران اور حماس کی کشیدگی کے باعث اسرائیل کا اگلے سال خاتمہ ممکن”

یروشلم: اسرائیل کی دفاعی فورس (آئی ڈی ایف) کے ریٹائرڈ میجر جنرل یزہاک برک نے خبردار کیا ہے کہ حماس سے جاری جنگ اور ایران کے ساتھ بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پیش نظر اسرائیل کو سنگین خطرات لاحق ہیں، اور یہ ممکن ہے کہ اسرائیل اگلے سال تک صفحہ ہستی سے مٹ جائے۔

میجر جنرل برک کا کہنا ہے کہ اگر حماس کے ساتھ مذاکرات ناکام ہوتے ہیں اور خطے میں جنگ چھڑ جاتی ہے، تو اسرائیل کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ انہوں نے وزیر دفاع یوآف گیلانت کے غزہ جنگ کے حوالے سے کیے گئے وعدوں کی ناکامی پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔ ان کے مطابق اگر اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتین یاہو اور ان کے اتحادیوں کو تبدیل نہ کیا گیا تو اسرائیل کے وجود کو خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔

برک نے یہ بھی کہا کہ ایران اور حماس کی جانب سے اسرائیل کو دی جانے والی دھمکیاں محض الفاظ نہیں ہیں، اور اسرائیل کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر وزیر دفاع یوآف گیلانت بھی ان خطرات سے پوری طرح آگاہ ہیں۔ انہوں نے غزہ کی دلدل میں اسرائیل کے پھنسنے اور حماس کو کمزور کرنے میں ناکامی کا بھی ذکر کیا، جس کے نتیجے میں اسرائیل کو اپنے فوجیوں کا نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے۔

اس سے قبل جولائی میں بھی جنرل برک نے غزہ میں اسرائیلی جارحیت اور حزب اللہ کے ساتھ کشیدگی پر خدشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ اسرائیلی فوج غزہ کی پٹی میں ناکام ہو رہی ہے، اور حزب اللہ کے ساتھ جنگ کی صورت میں اسرائیل کو اسٹرٹیجک ناکامی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے