سوڈان: ڈیم ٹوٹنے سے 30 افراد جاں بحق، 20 دیہات تباہ۔

سوڈان

ابو حمدان: سوڈان میں ڈیم منہدم ہونے سے کم از کم 30 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 20 دیہات مکمل طور پر تباہ ہو گئے ہیں۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق، سوڈان کے مشرقی بحیرہ احمر کے علاقے میں ارباط ڈیم ٹوٹنے کے بعد پانی قریبی دیہات میں داخل ہو گیا، جس نے متعدد افراد کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

اقوام متحدہ کے مطابق، ڈیم کے ٹوٹنے سے 20 دیہات صفحہ ہستی سے مٹ گئے، اور ہزاروں افراد بے گھر ہو گئے ہیں۔ سوڈان کی مرکزی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ پھنسے ہوئے افراد کی مدد کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

وزارت کے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اب تک کم از کم چار افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے، تاہم لاپتہ افراد کی تعداد کا درست اندازہ لگانا مشکل ہے۔ ایک مقامی عہدیدار نے سوڈانی نیوز سائٹ کو بتایا کہ ان کے خیال میں 60 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ بحیرہ احمر کی ریاست کے آبی وسائل کے سربراہ عمرو عیسیٰ طاہر نے اس سانحے کو بڑے پیمانے پر نقصان قرار دیا ہے۔

سوڈانی خبر رساں ادارے کے مطابق، 100 سے زائد افراد لاپتہ ہیں جبکہ بہت سے دیہاتی بڑھتے ہوئے پانی سے بچنے کے لیے پہاڑیوں کی چوٹیوں پر پناہ لینے پر مجبور ہو گئے ہیں۔

یہ ڈیم پورٹ سوڈان کے شمال میں تقریباً 40 کلومیٹر (25 میل) کے فاصلے پر ابو حمدان شہر میں واقع تھا اور بحیرہ احمر کے شہر کو پینے کا پانی فراہم کرتا تھا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے