اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے بتایا ہے کہ ارکان میں الفاظ پر بحث کے بعد غزہ میں فائر بندی کے لیے پیش کی جانے والی قرارداد پر بدھ کو ہونے والی ووٹنگ ایک بار پھر موخر کر دی گئی ہے۔ متحدہ عرب امارات کی طرف سے تیار کردہ قرارداد پر ووٹنگ پیر کو ہونی تھی لیکن اسے پہلے منگل اور پھر بدھ تک موخر کر دیا گیا تھا۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ’سلامتی کونسل نے آج (بدھ) مذاکرات جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے تاکہ سفارت کاری کے لیے اضافی وقت مل سکے۔‘
سلامتی کونسل کے صدر جوز جیویئر ڈی لا گیسکا لوپیز ڈومنگوئز نے کہا ہے کہ ’ایوان صدر کل (جمعرات) کی صبح اس قانون کو منظور کرنے کا فیصلہ کرے گا۔‘
دوسری جانب خبر رساں ادارے روئٹرز نے سفارت کاروں کے حوالے سے بتایا ہے کہ سلامتی کونسل میں ہونے والی ووٹنگ امریکہ کی درخواست پر موخر کی گئی ہے۔
سفارت کار نے روئٹرز کو بتایا ہے کہ ’مذاکرات جاری ہیں اور مزید وقت درکار ہے۔‘ مذاکرات سے واقف اقوام متحدہ کے ایک سفارت کار نے قرارداد کے مسودے پر امریکہ کے ممکنہ ویٹو کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’ایسا نہیں لگتا کہ جلد بازی میں ہونے والی ووٹنگ کا کوئی اچھا نتیجہ ہوگا۔‘