غزہ سے 6 اسرائیلی یرغمالیوں کی لاشیں ملنے کے بعد عوامی غم و غصے کے باعث وزیراعظم نیتن یاہو پر شدید دباؤ ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق، اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے یرغمالیوں کو غزہ سے زندہ واپس نہ لا سکنے پر عوام سے معافی مانگی ہے۔ پیر کو ایک پریس کانفرنس میں نیتن یاہو نے کہا کہ "میں یرغمالیوں کو زندہ واپس نہ لا سکنے پر معذرت خواہ ہوں۔ ہم ان کی رہائی کے بہت قریب تھے، مگر بدقسمتی سے کامیاب نہ ہو سکے۔” انہوں نے مزید کہا کہ حماس کو یرغمالیوں کی ہلاکت کی بھاری قیمت چکانی ہوگی۔
واضح رہے کہ ہفتے کو غزہ سے 6 اسرائیلی یرغمالیوں کی لاشیں ملنے کے بعد اسرائیل بھر میں نیتن یاہو حکومت کے خلاف مظاہرے شروع ہو گئے ہیں۔ تل ابیب اور مقبوضہ بیت المقدس میں ہزاروں افراد حکومت کے خلاف احتجاجی مظاہروں میں شریک ہوئے۔