ڈونلڈ ٹرمپ پر فائرنگ کرنے والا ملزم گرفتار، کیس کی تفصیلات جاری۔

ملزم

فلوریڈا: ڈونلڈ ٹرمپ پر قاتلانہ حملے کی کوشش کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔

سابق امریکی صدر اور ری پبلکن صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ پر کل فلوریڈا میں قاتلانہ حملے کی کوشش کرنے والے مشتبہ شخص کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق، حملے کی کوشش کرنے والے ملزم کو مارٹن کاؤنٹی سے گرفتار کیا گیا۔ فلوریڈا پولیس کے مطابق، ملزم نے گالف کورس میں فائرنگ کی اور اس کے بعد رائفل چھوڑ کر فرار ہوگیا تھا۔ پولیس نے ملزم کو مارٹن کاؤنٹی سے گرفتار کیا، جب کہ حملہ آور فرار ہوتے وقت دو بیگ، رائفل، اور کیمرا چھوڑ گیا تھا۔

مشتبہ ملزم کی شناخت 58 سالہ ریان ویسلے روتھ کے نام سے ہوئی ہے۔ وہ ایک چھوٹی تعمیراتی کمپنی کا مالک ہے اور اس کا فوجی پس منظر نہیں ہے، مگر ماضی میں اس نے سوشل میڈیا پوسٹوں میں یوکرین کی جنگ میں حصہ لینے کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق، روتھ نے 2023 میں نیو یارک ٹائمز کو بتایا تھا کہ وہ یوکرین جنگ کے آغاز کے بعد وہاں گیا تھا تاکہ افغان فائٹرز کو بھرتی کر سکے اور یوکرین کی مدد کے لیے رضامند کر سکے۔

رپورٹس کے مطابق، 2002 میں بھی روتھ نے خود آٹومیٹک ہتھیاروں سے لیس ہو کر ایک عمارت میں لوگوں کو یرغمال بنا لیا تھا۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے اس حملے کے بعد اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ وہ محفوظ ہیں اور کبھی ہار نہیں مانیں گے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز فلوریڈا کے ویسٹ پام بیچ میں واقع ٹرمپ گالف کلب کے قریب فائرنگ کا واقعہ اس وقت پیش آیا جب ٹرمپ وہاں گالف کھیل رہے تھے۔ اس سے قبل، جولائی میں بھی ایک انتخابی ریلی کے دوران ان پر قاتلانہ حملہ ہوا تھا جس میں وہ زخمی ہوگئے تھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے