اسلام آباد: نومنتخب وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کے 24 ویں وزیراعظم کی حیثیت سے حلف اٹھالیا ہے۔
ایوان صدر میں تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کے بعد صدر مملکت عارف علوی نے نومنتخب وزیراعظم شہبازشریف سے عہدے کا حلف لیا، تقریب میں جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر بھی شریک تھے۔اس کے علاوہ آصف زرداری، نوازشریف، بلاول بھٹو زرداری، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی بھی تقریب میں شریک تھے جب کہ مختلف ممالک کے سفیر بھی تقریب حلف برداری کا حصہ تھے۔
وزیراعظم شہبازشریف کی حلف برداری کے بعد وزیراعظم ہاؤس میں مسلح افواج کی جانب سے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔بعدازاں وزیراعظم شہباز شریف سے وزیراعظم آفس کے عملے کا تعارف کرایا گیا، اس دوران وزیراعظم نے عملے سے مصافحہ کیا۔علاوہ ازیں شہباز شریف سے نگران وزیراعظم کے منصب سے سبکدوش ہونے والے انوارالحق کاکڑ کی ملاقات بھی ہوگی۔
گزشتہ روز قومی اسمبلی میں ہونے والی ووٹنگ میں شہباز شریف 201 ووٹ حاصل کرکے وزیر اعظم منتخب ہوئے تھے جب کہ ان کے مدمقابل امیدوار عمر ایوب خان نے 92 ووٹ حاصل کیے تھے۔