شماریاتی ادارے پلڈاٹ نے پاکستان میں حالیہ االیکشنز پر جائزہ رپورٹ جاری کر دی

اسلام آباد: پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف لیجسلیٹیو ڈویلپمنٹ اینڈ ٹرانسپیرنسی (پلڈاٹ) نے پاکستان میں عام انتخابات 2024 پر اپنی جائزہ رپورٹ جاری کردی۔

شماریاتی ادارے پلڈاٹ نے پاکستان میں حالیہ االیکشنز پر جائزہ رپورٹ جاری کر دی


نجی ٹی وی جیونیوز کے مطابق رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ عام انتخابات 2024 میں سب سے کم منصفانہ سکور ریکارڈ کیا گیا، یہ پچھلے انتخابی ادوار کے مقابلے میں شفافیت کے سکور میں کمی کی نشاندہی کرتا ہے ۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ قبل از پولنگ مرحلے کے دوران انتخابات کے شیڈول میں کافی تاخیر اور سیاسی جبر دیکھا گیا، قبل از پولنگ مرحلے میں نگران حکومت کی جانب سے غیر جانبداری کا فقدان دیکھا گیا ۔ رپورٹ کے مطابق خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال رہی، موبائل بندش نے انتخابی عمل میں عوام کی شرکت کے لئے بھی مشکلات پیدا کیں، فارم 45 اور فارم 47 کے درمیان بڑے پیمانے پر تفاوت کے الزامات نے بھی انتخابات کی ساکھ کے بارے میں خدشات کو بڑھا دیا۔
پلڈاٹ کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ پر فارم 45،46،48اور 49 کی اشاعت میں تاخیر کی گئی، الیکشن ایکٹ 2017 کے سیکشن 95(10) کی خلاف ورزی نے الیکشن کی ساکھ کو مزید نقصان پہنچایا۔رپورٹ کے مطابق پولنگ کے دن موبائل فون اور انٹرنیٹ سروسز کی معطلی نے صرف الیکشن مینجمنٹ سسٹم (EMS) سے سمجھوتہ کیا، پولنگ مکمل ہونے کے بعد طے شدہ وقت سے زیادہ عارضی نتائج کے اعلان میں تاخیر نے انتخابات کی ساکھ پر سنگین سوالات کو جنم دیا۔
پلڈاٹ کے مطابق سنی اتحاد کونسل کو مخصوص نشستوں کی الاٹمنٹ 25 دنوں تک ایک بڑا تنازع بنی رہی جب کہ دیگر تمام سیاسی جماعتوں کو مخصوص نشستیں الاٹ کی گئیں۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پری پول مرحلے کے لئے تشخیص کا سکور 50 فیصد تھا جو 2013 کے 62 فیصد کے سکور سے نمایاں طور پر کم ہے، الیکشن کے دن پولنگ کے عمل کا سکور 58 فیصد رہا، یہ 2018 کے سکور سے کم تھا جو 64 فیصد تھا جبکہ پولنگ ڈے کا مرحلہ، ووٹنگ، پولنگ عملے کی کارکردگی اور پولنگ سٹیشنز کا معیار 2018 کے عام انتخابات کے مقابلے میں زیادہ خراب ہے، مجموعی طور پر عام انتخابات 2024 کے معیار نے 49 فیصد سکور کیا ہے، معیار کا سکور نہ صرف 50 فیصد سے کم ہے بلکہ پچھلے 2 انتخابات کے مجموعی سکور سے بھی کم ہے۔رپورٹ کے مطابق ووٹوں کی گنتی، نتائج مرتب کرنا، ٹرانسمیشن، استحکام، عارضی نتائج کا اعلان اور انتخابات کے بعد کے عمل کو کم از کم 40 فیصد سکور ملا، الیکشن کمیشن 2024کے عام انتخابات میں ہونے والی بے ضابطگیوں کی مکمل اور غیرجانبدارانہ تحقیقات کرے، الیکشن کمیشن عبوری نتائج کی ترسیل، استحکام اور اعلان میں تاخیر کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا اعلان کرے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے