کراچی : شہر قائد میں چھالیہ کے بیوپاری سے ایک کروڑ 18 لاکھ روپے کی ڈکیتی کے الزام میں ایس ایچ او زمان ٹاؤن اور 2 اہلکاروں کو گرفتار کرلیا اور لوٹی گئی نصف رقم بھی برآمد کرلی۔
ایس ایس پی انویسٹی گیشن امیر مسعود مگسی نے بتایا کہ چھالیہ کے بیوپاری سے لوٹے گئے ایک کروڑ18 لاکھ روپے میں سے 50 فیصد رقم پولیس نے کئی گھنٹے کی جدوجہد کے بعد برآمد کرلی ہے اور مقدمہ درج کرکے ایس ایچ او زمان ٹاون راؤ رفیق اوردواہلکاروں کوباضابطہ طورپرگرفتارکرلیا ہےجبکہ ایس ایچ او کے مخبر کی تلاش میں چھاپے مارے جارہے ہیں۔ایس ایس پی کے مطابق متاثرہ شخص بھی سہراب گوٹھ اور اس کے اطراف مبینہ طورپر منشیات کا دھندہ کرتا ہے اور اس کا پورا گروپ ہے، واضح رہے کہ مخبرظفرکی اطلاع پرزمان ٹاؤن پولیس اسٹیشن کےتھانیدارراؤ رفیق کے حکم پرایک ٹیم نے سہراب گوٹھ سے ایک شخص سے ایک کروڑ18 لاکھ روپے چھین لیے تھے،تاہم مخبر ظفر نیت خراب ہونے پر اہلکاروں کو موبائل سمیت چھوڑ کر فرار ہوگیا تھا۔اہلکاروں کو موبائل چلانا نہیں آتی تھی جس کی وجہ سے وہ ایکسپریس وے پر کھڑے تھے کہ ضلع ایسٹ کے پولیس اہلکارپہنچ گئے،پوچھ گچھ پرانہوں نے تسلی بخش جواب نہیں دیا جس پرانہیں تھانےمنتقل کردیا گیا۔ایس ایس پی نے بتایا کہ اگلے دن متاثرہ شخص بھی سچل تھانے پہنچ گیا جہاں اس نے بھانڈا پھوڑتے ہوئے بتایا کہ کل رات مجھ سے زمان ٹاؤن پولیس کے اہلکار رقم سے بھرا ہوا تھیلا چھین کر لے گئے تھے، جس کے بعد معاملہ اعلی افسران تک پہنچ گیا اوربڑے پیمانے پر تحقیقات کی گئی توانکشاف ہوا کہ رقم چھیننے کے واقعے میں ایس ایچ او زمان ٹاؤن اور اس کا مخبر بھی شامل ہے۔ مخبرکی گرفتاری اوررقم کی برآمدگی کے لیے کوششیں جاری ہیں۔