اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک – 27 مارچ 2024ء): مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف اس برس رمضان المبارک کے آخری عشرے میں عمرے کی ادائیگی کے لیے جانے کی اپنی روایت سے انحراف کرتے ہوئے سعودی عرب نہیں جائیں گے اور 2 اپریل کو سینیٹ انتخاب میں ووٹ ڈالیں گے۔
معتبر ذرائع کے مطابق نواز شریف فی الحال لندن بھی نہیں جا رہے اور اپنے ڈاکٹرز سے رابطے میں ہیں جو ان کی صحت کی صورتحال کے حوالے سے مطمئن ہیں۔
معتبر ذرائع کا کہنا ہےکہ نواز لیگ کے سربراہ نے دی نیوز کو بتایا ہے کہ ان کے سعودی عرب اور وہاں سےلندن جانے کی افواہوں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔
ذرائع کے مطابق نواز شریف کا مزید کہنا تھا وہ پاکستانی ہیں اور انہوں نے جلاوطنی معطل کرکے اپنے اہل وطن کے ساتھ وطن میں رہنے کا فیصلہ کیا ہے۔