اسلام آباد: پی ٹی آئی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات رؤف حسن پر نامعلوم افراد نے حملہ کردیا۔ یہ حملہ اس وقت ہوا جب وہ نجی چینل کے دفتر کے باہر نکلے ہی تھے۔ حملہ آوروں نے بلیڈ سے حملہ کرکے انہیں زخمی کردیا۔ رؤف حسن نجی ٹی وی چینل میں ریکارڈنگ کے لیے آئے تھے اور حملے کے دوران انہیں چہرے پر گہری چوٹیں آئیں۔ پی ٹی آئی رہنما کو فوری طور پر علاج کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
حملے کے بعد نامعلوم افراد موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ اس واقعے کے بعد، رؤف حسن کی مدعیت میں تھانہ آبپارہ میں نامعلوم خواجہ سراؤں کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ مقدمے میں اقدام قتل اور جان سے مارنے کی دھمکیوں سمیت دیگر الزامات شامل ہیں۔
ایف آئی آر کے مطابق، رؤف حسن ٹی وی پروگرام میں شرکت کے بعد پارکنگ کی طرف جارہے تھے جب حملہ ہوا۔ بظاہر خواجہ سرا نظر آنے والے شخص نے روک کر حملہ کیا اور اسی دوران مزید تین خواجہ سرا جیسے افراد آگئے اور جان لیوا حملہ کیا۔ ایف آئی آر میں بتایا گیا ہے کہ جان سے مارنے کے لیے تیز دھار آلے سے گردن کاٹنے کی کوشش کی گئی، اور جب رؤف حسن نے خود کو بچانے کے لیے پیچھے ہٹا تو چہرے پر تیز دھار آلے سے کٹ لگا۔
ایف آئی آر کے مطابق، دو روز قبل اسلام آباد کے علاقے بلیو ایریا میں بھی خواجہ سراؤں سے آمنا سامنا ہوا تھا اور اسی طرح کے حملے کی کوشش ہوئی تھی۔