کراچی سے بھارت کی خفیہ ایجنسی ‘را’ کے دو دہشتگردوں کو گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس کی مطابق، چند روز پہلے حساس اداروں اور پولیس نے مشترکہ کارروائی کے دوران، بھارتی خفیہ ایجنسی ‘را’ سے تعلق رکھنے والے دو دہشتگردوں خاور حسین اور محمد جابر مشتاق کو گرفتار کیا تھا۔
گرفتار ملزمان کی تفتیش کے بعد، کورنگی پولیس نے صنعتی ایریا میں کارروائی کی، جس میں بھارتی خفیہ ایجنسی ‘را’ کے تربیت یافتہ ماسٹر مائنڈ شیخ محمد ایوب عرف ایوب انصاری کو اور اس کے ساتھی احسن رضا بھی گرفتار کیا گیا۔
بھارتی خفیہ ایجنسی ‘را’ کے تربیت یافتہ دہشتگردوں سے تخریب کاری کا سامان، دستی بم اور اسلحہ بھی برآمد ہوا۔
گرفتار ملزمان کا بتایا جا رہا ہے کہ وہ 1998 میں ممبئی سے پاکستان آئے تھے اور ملزمان نے غیر قانونی طریقے سے شناختی کارڈ اور پاکستانی پاسپورٹ حاصل کیا تھا۔
ملزمان نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ بھارتی خفیہ ایجنسی ‘را’ مختلف ممالک میں دہشتگردی کا نیٹ ورک آپریٹ کر رہی ہے۔ ملزمان سے مزید تفتیش بھی کی جا رہی ہے۔
پولیس کے مطابق گرفتار دہشتگر احسن بھارتی خفیہ ایجنسی کی جانب سے فراہم کیے گئے اہداف کے موبائل نمبرز اور دیگر شناختی علامات نیٹ ورک کے ماسٹر مائنڈ کو فراہم کرتا تھا، اور پھر ایوب انصاری اس فراہم کردہ معلومات کے ذریعے اہداف کو ٹارگٹ کرتا تھا۔