پنجاب کے کچے کے علاقے میں 2023 میں ڈاکوؤں کے خلاف ہونے والے آپریشن کی رپورٹ میں پولیس کی جانب سے ڈاکوؤں کی سہولت کاری کا انکشاف ہوا ہے۔
جیو نیوز نے کچے کے علاقے میں ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن کی پولیس رپورٹ منظر عام پر لے آئی ہے۔
یہ رپورٹ ایڈیشنل آئی جی اسپیشل برانچ کی سربراہی میں تیار کی گئی ہے۔ پولیس رپورٹ کے مطابق، کوٹ سبزل اور بھونگ کے ایس ایچ او سمیت پانچ اہلکار ڈاکوؤں کی سہولت کاری میں ملوث پائے گئے ہیں اور پنجاب پولیس کے کچھ اہلکار کچے کے ڈاکوؤں کے سہولت کار بنے ہوئے ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ آپریشن کے دوران بےگناہ افراد کو جعلی مقابلوں میں پکڑا گیا اور رشوت لی گئی۔ جبکہ ایس ایچ او کوٹ سبزل اور ایس ایچ او بھونگ نے کروڑوں روپے کی زرعی زمین کسانوں سے زبردستی ہتھیائی۔
مزید برآں، رپورٹ میں یہ بھی انکشاف ہوا ہے کہ کچے میں تعینات ایس ایچ اوز مقامی کاشتکاروں سے سکیورٹی کے نام پر بھتہ وصول کرتے تھے۔ اگر کوئی زمیندار اُن ایس ایچ اوز سے تعاون نہ کرتا تو اسے ڈاکوؤں کی طرف سے دھمکیاں دی جاتیں۔
رپورٹ کے مطابق، سی آئی اے انچارج محمد سلیم بھی ڈاکوؤں کے دست راست پائے گئے ہیں۔