کراچی: سینئر وائس چیئرمین پاکستان کیمسٹ اینڈ ڈرگسٹ ایسوسی ایشن عبدالصمد بدھانی نے کہا ہے کہ کراچی میں ٹیٹنس کے انجیکشن کی قلت کی وجہ سے مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
عبدالصمد بدھانی کے مطابق عالمی مارکیٹ میں خام مال کی عدم دستیابی کے باعث ٹیٹنس کے انجیکشن تیار نہیں ہو سکے، جس کی وجہ سے یہ انجیکشن کراچی میں ناپید ہو گئے ہیں۔ کچھ دکاندار اس صورت حال کا فائدہ اٹھا کر ٹیٹنس کے انجیکشن بلیک مارکیٹ میں فروخت کر رہے ہیں۔ 50 سے 55 روپے کے 5 ملی لیٹر کے انجیکشن کو 10 گنا زیادہ قیمت پر فروخت کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ادویات ساز کمپنیوں کے مطابق انجیکشن کی تیاری کا مسئلہ حل ہو چکا ہے اور جلد ہی ٹیٹنس کے انجیکشن مارکیٹ میں دستیاب ہوں گے۔ اس وقت تک، مریضوں اور ان کے اہل خانہ کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔