اسلام آباد: آئندہ مالی سال کے وفاقی بجٹ میں حکومت نے پبلک سروس ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ایس ڈی پی) کے لیے 1400 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز دی ہے۔
وفاقی حکومت مالی سال 2024-25 کا بجٹ آج شام پیش کرے گی۔
حاصل کردہ دستاویزات کے مطابق پی ایس ڈی پی کے لیے مختص 1400 ارب روپے میں سے وفاقی وزارتوں کا مجموعی ترقیاتی بجٹ 1041 ارب روپے ہے۔ دستاویزات کے مطابق:
- وزارت آبی وسائل کے لیے 259 ارب روپے
- ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے لیے 66 ارب 31 کروڑ روپے
- خلائی تحقیقاتی ادارے اسپارکو کے لیے 35 ارب روپے
کی تجویز دی گئی ہے۔
مزید برآں، حکومت نے آئندہ مالی سال میں:
- وزارت ہاؤسنگ اینڈ ورکس کے لیے 27 ارب 68 کروڑ روپے
- ریونیو ڈویژن کے لیے 17 ارب روپے
- ریلوے کے لیے 43 ارب روپے
مختص کرنے کی تجویز دی ہے۔
بجٹ دستاویزات کے مطابق:
- داخلہ ڈویژن کے لیے 9 ارب 7 کروڑ روپے
- پیٹرولیم ڈویژن کے لیے 3 ارب 22 کروڑ روپے
- آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن کے لیے 28 ارب 92 کروڑ روپے
- فوڈ سکیورٹی کے لیے 41 ارب 25 کروڑ روپے
کا وفاقی ترقیاتی بجٹ رکھا گیا ہے۔
نئے مالی سال کے بجٹ میں:
- وزارت صحت کے لیے 27 ارب روپے
- صنعت و پیداوار کے لیے 4 ارب 91 کروڑ روپے
- انسانی حقوق کی وزارت کے لیے 10 کروڑ 40 لاکھ روپے
مختص کیے گئے ہیں۔
ضم شدہ اضلاع (سابقہ فاٹا) کے ترقیاتی بجٹ کے لیے 70 ارب روپے اور آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے لیے 74 ارب 50 کروڑ روپے کا ترقیاتی بجٹ رکھا گیا ہے۔
بجٹ دستاویزات کے مطابق وفاق کے صوبائی منصوبوں کے لیے بھی 82 ارب 41 کروڑ روپے تجویز کیے گئے ہیں۔