اسلام آباد: وزیر مملکت برائے خزانہ علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ اگر نان فائلرز ٹیکس نیٹ میں شامل نہیں ہوں گے تو ان سے اضافی لیوی وصول کی جائے گی۔
جیو نیوز کے پروگرام آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ تقریباً 9 ہزار ارب روپے کیش مارکیٹ میں موجود ہیں، جن سیکٹرز میں یہ پیسہ محفوظ کیا جا رہا ہے، ان سیکٹرز کے پیچھے جائیں گے۔
اس سے قبل اپنی پوسٹ بجٹ پریس کانفرنس میں وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا تھا کہ ریٹیلرز اور ہول سیلرز کو ٹیکس نیٹ میں لانا ضروری ہے تاکہ بوجھ بانٹا جائے ۔
انہوں نے کہا کہ سب پتا ہے کہ کس کے پاس کتنی گاڑیاں ہیں اور کتنا ٹیکس دیتے ہيں، نان فائلرز کی اختراع ختم کرنے کی طرف پہلا قدم اٹھالیا۔
ان کا کہنا تھا کہ نان فائلرز پر دو چار فیصد ٹرانزیکشن ٹیکس اضافے سے کام نہیں چلے گا، ہم اسے 45 فیصد تک لے گئے ہیں، پیٹرولیم لیوی کو بتدریج بڑھایا جائے گا، سیلز ٹیکس میں بہت بڑی لیکج ہے جس کو پلگ کرنا ہے۔