راولپنڈی: انسداد دہشت گردی عدالت نے بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی بیٹوں سے واٹس ایپ پر بات کرانے کی درخواست مسترد کر دی ہے۔
یہ سماعت انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ملک اعجاز آصف نے کی۔ درخواست پر جیل انتظامیہ کی جانب سے جواب داخل کرایا گیا، جس میں کہا گیا کہ جیل مینوئل کے مطابق کسی ملزم کی واٹس ایپ پر رشتہ داروں سے ملاقات کا قانون موجود نہیں ہے۔
جیل انتظامیہ نے اپنے جواب میں کہا کہ عدالتی حکم کے مطابق بانی پی ٹی آئی کی مہینے میں دو مرتبہ بیٹوں سے بات کرائی جاتی ہے۔ اس جواب کی روشنی میں عدالت نے عمران خان کی واٹس ایپ پر بیٹوں سے بات کرانے کی استدعا مسترد کر دی۔
عمران خان نے بیٹوں سے واٹس ایپ پر بات کرنے کی درخواست دائر کی تھی، جس پر انسداد دہشتگردی کی عدالت نے اڈیالہ جیل حکام کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب داخل کرنے کی ہدایت کی تھی۔