راولپنڈی:سابق وزیراعظم اور پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان اڈیالہ جیل راولپنڈی سے آکسفورڈ یونیورسٹی کے چانسلر کے عہدے کے لیے الیکشن لڑیں گے۔ برطانوی خبر رساں ادارے ‘ٹیلی گراف’ کے مطابق، عمران خان 10 سال قید کی سزا کے باوجود آکسفورڈ یونیورسٹی کے آن لائن انتخابات میں حصہ لیں گے۔ یہ پہلا موقع ہے کہ چانسلر کے انتخابات روایتی طریقہ کار کے بجائے آن لائن منعقد کیے جا رہے ہیں۔
ٹیلی گراف کی رپورٹ کے مطابق، آکسفورڈ یونیورسٹی کی چانسلر کی نشست ہانگ کانگ کے سابق گورنر اور 21 سال تک عہدے پر فائز رہنے والے 80 سالہ لارڈ پیٹن کے استعفے کے بعد خالی ہوئی ہے۔ اس نشست کے لیے سابق برطانوی وزرائے اعظم سر ٹونی بلیئر اور بورس جانسن بھی امیدوار ہیں۔ آکسفورڈ یونیورسٹی کے فارغ التحصیل افراد کو انتخابات میں حصہ لینے کا موقع ملے گا، اور عام طور پر سیاست دانوں کو ہی چانسلرشپ کی نشست دی جاتی ہے۔
عمران خان کے مشیر ذلفی بخاری نے غیر ملکی میڈیا کو بتایا کہ عمران خان چانسلر کے عہدے کے لیے الیکشن لڑیں گے کیونکہ عوامی مطالبہ ہے کہ انہیں اس انتخاب میں حصہ لینا چاہیے۔ انہوں نے بتایا کہ عمران خان جلد عوامی سطح پر اس کا باضابطہ اعلان کریں گے۔ عمران خان نے 1972 میں آکسفورڈ یونیورسٹی سے معاشیات اور سیاست میں تعلیم حاصل کی تھی، اور 2005 میں بریڈ فورڈ یونیورسٹی کے چانسلر بھی منتخب ہو چکے ہیں۔