اسلام آباد: عوام پاکستان پارٹی کے چیئرمین شاہد خاقان عباسی نے آئی پی پیز کے معاہدوں کی تفصیلات اور مالکان کے نام افشا کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی پی پیز کے معاہدے مختلف نرخوں پر کیے گئے ہیں، اور عوام کو انویسٹرز کے نام بتائے جائیں۔
شاہد خاقان عباسی نے مزید کہا کہ سیاسی عدم استحکام الیکشن چوری کی وجہ سے پیدا ہوتا ہے، اور ملک کو آج سیاسی استحکام کی ضرورت ہے۔ انہوں نے انتباہ کیا کہ اگر روپیہ مزید کمزور ہوا تو بجلی کے بل بھی مزید بڑھ جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آئی پی پیز کو خود دعوت دے کر لگایا گیا ہے، اور ملک کے ساتھ دشمنی نہیں کرنی چاہیے۔ ذاتی اختلافات خود حل کریں، اور پاور نظام کے حقائق عوام کے سامنے رکھنا ضروری ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بنگلہ دیش میں اقتدار کو طول دینے کے لیے الیکشن چوری کیے گئے، اور جب انصاف نہیں ملتا تو حالات خراب ہوتے ہیں، جیسا کہ بنگلہ دیش میں ہوا۔ بنگلہ دیش میں بجلی سستی، معیشت مضبوط اور روزگار کے مواقع موجود ہیں۔ نوکریوں کا کوٹہ نہ دینے پر بنگلہ دیش کی وزیراعظم کو ملک چھوڑنا پڑا۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ آئی پی پیز کے معاہدے مختلف نرخوں پر کیے گئے ہیں، اور الزام لگانے کی بجائے حقائق عوام کے سامنے رکھے جائیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ آئی پی پیز کے مالکان کے نام افشا کیے جائیں، اور یہ بھی بتایا کہ کے الیکٹرک نے اپنے مسائل خود پیدا کیے ہیں۔ کے الیکٹرک ایک پرائیویٹ کمپنی ہے جو اپنے معاملات خود چلاتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی حکومت میں بھی معاہدے ہوئے، اور صرف مسئلے کی نشاندہی کرنے سے ہی حالات میں بہتری آئے گی۔ انصاف کا نظام بہت واضح ہے، اور تمام آئی پی پیز کے انویسٹرز کے نام سامنے رکھے جانے چاہئیں۔