کراچی: اداکارہ نمرہ خان نے اپنی اغوا کی کوشش کو مزاحمت کرکے ناکام بنا دیا۔ نمرہ خان نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو میں انکشاف کیا کہ ایک روز قبل انہیں اغوا کرنے کی کوشش کی گئی، جسے انہوں نے اپنی ہمت اور مزاحمت کے ذریعے ناکام کر دیا۔
نمرہ خان کے مطابق، وہ ایک ہوٹل کے باہر اپنی گاڑی کا انتظار کر رہی تھیں کہ اچانک تین مسلح افراد نے ان کی گاڑی کو روکا اور اسلحے کے زور پر انہیں گاڑی میں زبردستی بٹھانے کی کوشش کی۔ اداکارہ نے بتایا کہ انہوں نے فوراً مزاحمت کی اور فٹ پاتھ پر دوڑنے لگیں، لیکن قریب موجود افراد نے ان کی مدد نہیں کی۔
نمرہ خان نے مزید کہا کہ مسلح افراد نے ان کا تعاقب کیا اور وہ انہیں گولی بھی مار سکتے تھے۔ سڑک پر گزرنے والی ایک گاڑی میں موجود فیملی اور ہوٹل کے عملے نے ان کی مدد کی۔ اداکارہ نے اس واقعے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے سوال کیا کہ کیا پاکستان میں خواتین محفوظ ہیں؟ انہوں نے یہ بھی پوچھا کہ کیا کوئی کہہ سکتا ہے کہ آپ کی بہن، بیوی، بیٹی اور والدہ پاکستان میں محفوظ ہیں؟ ان کا کہنا تھا کہ جواب ‘نہیں’ ہے۔ سوشل میڈیا صارفین نے اداکارہ نمرہ خان سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے انتظامیہ سے اغوا کی کوشش کرنے والوں کو گرفتار کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔