کراچی: ڈیفنس میں نمرہ خان کے اغوا کی کوشش، ڈی آئی جی ساؤتھ نے نوٹس لے لیا۔
کراچی:معروف اداکارہ نمرہ خان کو کراچی کے پوش علاقے ڈیفنس میں اغوا کرنے کی کوشش کی گئی۔ سوشل میڈیا پر اداکارہ کا ویڈیو بیان وائرل ہونے کے بعد ڈی آئی جی ساؤتھ سید اسد رضا نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی ساؤتھ سے تفصیلات طلب کر لی ہیں۔
ڈی آئی جی ساؤتھ نے بتایا کہ یہ واقعہ تھانہ ساحل کی حدود میں پیش آیا، اور متعلقہ تھانہ اس کی تحقیقات کر رہا ہے۔ پولیس نے اداکارہ سے ابھی تک رابطہ نہیں کیا، لیکن ان کے رابطے پر شکایت درج کی جائے گی۔ ڈسٹرکٹ ساؤتھ پولیس کو ہدایت دی گئی ہے کہ واقعاتی شہادتوں کو مؤثر بناتے ہوئے ملزمان کو قانون کی گرفت میں لائیں اور انصاف کی فوری فراہمی کو یقینی بنائیں۔
ویڈیو بیان میں نمرہ خان نے تفصیل سے بتایا کہ وہ ڈیفنس فیز 8 میں مقامی ہوٹل کے باہر گاڑی کا انتظار کر رہی تھیں، جب تین افراد نے ان کے قریب آکر اغوا کرنے کی کوشش کی۔ انہوں نے اسلحے کے زور پر نمرہ خان کو پکڑا، مگر اداکارہ نے مزاحمت کی اور شور مچا دیا۔ موجودہ گارڈز نے مدد نہیں کی، مگر نمرہ خان نے خود کو بچاتے ہوئے موٹر سائیکل دھکا دیا اور ایک چلتی گاڑی کے سامنے آ گئی۔ اس دوران، گاڑی میں سوار فیملی اور ہوٹل کی ٹیم نے ان کی مدد کی اور انہیں ریسکیو کر لیا۔