پاکستان میں سال کا پہلا سپر بلیو مون آج رات 11 بج کر 26 منٹ پر دیکھا جا سکے گا۔
پاکستان کے خلائی تحقیقی ادارے سپارکو کے مطابق، آج رات کا سپر بلیو مون ایک منفرد اور دلکش نظارہ پیش کرے گا، جس میں چاند معمول سے زیادہ بڑا، روشن اور چمکدار دکھائی دے گا۔ اس سال کا یہ پہلا سپر بلیو مون ہے، جس کے بعد اگلے تین سپر مون 18 ستمبر، 17 اکتوبر، اور 15 نومبر کو نظر آئیں گے۔
بلیو مون کی اصطلاح اور اس کی دلچسپ تاریخ
"بلیو مون” کا مطلب یہ نہیں ہے کہ چاند نیلا دکھائی دے گا بلکہ یہ ایک اصطلاح ہے جس کی جڑیں 19ویں صدی میں ہیں۔ اس دور میں ایک آتش فشاں پھٹنے کے بعد آسمان کی رنگت میں تبدیلی آئی، جس کی وجہ سے مکمل چاند نیلا دکھائی دینے لگا، اور اس کے بعد سے اسے "بلیو مون” کہا جانے لگا۔
بلیو مون کی اقسام
بلیو مون کی دو اقسام ہیں: سیزنل بلیو مون اور منتھلی بلیو مون۔
- سیزنل بلیو مون: جب کسی سیزن میں چار مکمل چاند نظر آئیں تو تیسرے چاند کو سیزنل بلیو مون کہا جاتا ہے۔ اس سال سیزنل بلیو مون 19 اگست کو افق پر نظر آئے گا۔
- منتھلی بلیو مون: جب ایک ہی انگریزی مہینے میں دوسری بار مکمل چاند نمودار ہو، تو اسے منتھلی بلیو مون کہا جاتا ہے۔
آج رات چاند زمین سے 2 لاکھ 26 ہزار میل کے فاصلے پر ہو گا، جو معمول سے 14 فیصد بڑا اور 30 فیصد زیادہ روشن دکھائی دے گا۔
سیزنل سپر بلیو مون کی خاصیت
اس مہینے کا سیزنل سپر بلیو مون اس لیے بھی خاص ہے کیونکہ ایسا نظارہ دیکھنے کے لیے ہمیں 2037 تک انتظار کرنا ہوگا۔ تاہم، سیزنل بلیو مون کا نظارہ جلد ہی دوبارہ کیا جا سکے گا۔
خیال رہے کہ 2024 میں مسلسل چار مہینوں یعنی اگست، ستمبر، اکتوبر اور نومبر میں سپر مون آسمان پر جگمگاتے رہیں گے۔