ملک بھر میں مون سون بارشوں کے باعث تربیلا ڈیم بھر گیا: واپڈا کا اعلان۔
لاہور: ملک بھر میں جاری مون سون بارشوں کے نتیجے میں تربیلا ڈیم اپنی مکمل صلاحیت کے مطابق بھر گیا ہے۔ ترجمان واپڈا کے مطابق، تربیلا ڈیم میں پانی کی سطح ایک ہزار 550 فٹ تک پہنچ چکی ہے اور موجودہ پانی کا ذخیرہ 57 لاکھ 66 ہزار ایکڑ فٹ ہے۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ تربیلا میں دریائے سندھ میں پانی کی آمد 2 لاکھ 56 ہزار 400 کیوسک جبکہ اخراج 2 لاکھ 35 ہزار 600 کیوسک ہے۔ منگلا ڈیم میں دریائے جہلم میں پانی کی آمد 25 ہزار 800 کیوسک اور اخراج 10 ہزار کیوسک ریکارڈ کی گئی ہے، جبکہ چشمہ بیراج میں پانی کی آمد 3 لاکھ 85 ہزار 300 کیوسک اور اخراج 3 لاکھ 49 ہزار 400 کیوسک ہے۔
ہیڈ مرالہ پر دریائے چناب میں پانی کی آمد 62 ہزار 700 کیوسک اور اخراج 38 ہزار 300 کیوسک ہے۔ نوشہرہ میں دریائے کابل میں پانی کی آمد اور اخراج دونوں 66 ہزار 400 کیوسک ریکارڈ کیے گئے ہیں۔
واپڈا کے ترجمان نے بتایا کہ آج منگلا ڈیم میں پانی کا ذخیرہ 51 لاکھ 69 ہزار ایکڑ فٹ ہے، جبکہ چشمہ ڈیم میں پانی کا ذخیرہ ایک لاکھ 2 ہزار ایکڑ فٹ ہے۔ مجموعی طور پر تربیلا، منگلا، اور چشمہ ڈیمز میں پانی کا ذخیرہ 1 کروڑ 10 لاکھ 37 ہزار ایکڑ فٹ ہے۔