اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے بلوچستان کے علاقے موسیٰ خیل میں مسافروں کو گاڑیوں سے اتار کر قتل کرنے کے دہشتگردانہ واقعے کی شدید مذمت کی ہے اور واقعے کی فوری رپورٹ طلب کر لی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اس حملے پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کے لیے دعائے مغفرت کی اور ان کے لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔ انہوں نے مقامی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ لواحقین کے ساتھ مکمل تعاون کریں اور زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کریں۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو واقعے کی فوری اور جامع تحقیقات کی بھی ہدایت کی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں کسی بھی قسم کی دہشتگردی کو برداشت نہیں کیا جائے گا اور موسیٰ خیل واقعے کے ذمہ دار دہشتگردوں کو سخت سزائیں دی جائیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک دہشتگردوں کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی موسیٰ خیل میں دہشتگردی کی شدید مذمت کرتے ہوئے اس واقعے میں 23 افراد کی ہلاکت پر دکھ کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں نے معصوم لوگوں کو نشانہ بنا کر بربریت کا مظاہرہ کیا ہے اور سفاکیت کی انتہا کی ہے۔ وزیر داخلہ نے یقین دہانی کرائی کہ دہشتگرد اور ان کے سہولت کار عبرتناک انجام سے بچ نہیں پائیں گے، اور دہشتگردی کی جنگ میں سکیورٹی فورسز کے ساتھ زندگی کے ہر طبقے نے بے مثال قربانیاں دی ہیں۔