واشنگٹن: آرمی کے چیف جنرل عاصم منیر نے بتایا ہے کہ ملک میں عام انتخابات مارچ سے پہلے ہوں گے۔ انہوں نے واشنگٹن میں پاکستانی سفارتخانے میں پاکستانی نژاد امریکی کمیونٹی کی تقریب میں شرکت کی ۔ تقریب میں موجود پاکستانی نژاد امریکی کاروباری شخصیت طاہر جاوید نے امریکی نشریاتی ادارے سے گفتگو میں کہا کہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا کہنا ہے کہ لاجسٹکس کی وجہ سے انتخابات کچھ دن آگے پیچھے ہوسکتے ہیں لیکن الیکشن رکیں گے نہیں اور ہر صورت مارچ میں سینٹ کے انتخابات سے پہلے ہوں گے۔ آرمی چیف نے پاکستانی نژاد امریکیوں سے معیشت، دہشتگردی، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور زراعت سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا اور پاکستانی کمیونٹی کی خدمات کو سراہا۔