پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے بلوچستان میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات میں شہید ہونے والوں کے لیے شہداء پیکج کا اعلان کر دیا ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بلوچستان کے مختلف اضلاع میں دہشت گردی کے پے در پے واقعات میں 37 سے زائد افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔ اتوار اور پیر کی درمیانی شب فائرنگ اور بم دھماکوں کے ان واقعات کی اطلاعات ملی ہیں، جن میں درجنوں افراد کی ہلاکت ہوئی ہے۔
مشیر خزانہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم نے دہشت گردی کے ان واقعات کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ شمالی وزیرستان میں بھی حال ہی میں دہشت گردی کا ایک واقعہ پیش آیا ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ خیبرپختونخوا حکومت دونوں واقعات میں شہید ہونے والوں کے لواحقین کو 10 لاکھ روپے فی کس امداد فراہم کرے گی۔