لاہور: سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں گورنر راج کا سوچنا بھی نہیں چاہیے، کیونکہ اگر گورنر راج نافذ کیا گیا تو صورتحال قابو سے باہر ہو سکتی ہے۔
لاہور کی انسداد دہشت گردی کی عدالت کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے فواد چودھری نے مزید کہا کہ موجودہ پارلیمنٹ جعلی ہے، کیونکہ وزیراعظم 18 سیٹوں کے ساتھ اقتدار میں ہیں۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ کوئی کتنا عرصہ اقتدار میں رہ سکتا ہے۔
فواد چودھری نے کہا کہ پارلیمنٹ ہاؤس سے لوگوں کو باہر نکالنے کی کارروائی کی گئی ہے اور پاکستان کے عوام عدلیہ کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے علی امین گنڈاپور کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ان کی بات سننی چاہیے، جنہوں نے حالیہ دہشت گردی کے واقعات میں 90 افراد کی شہادت کا ذکر کیا۔ انہوں نے تنقید کی کہ حکومت نے دہشت گردی کے مسئلے کو سنجیدہ انداز میں نہیں لیا اور کہا کہ سیاسی درجہ حرارت کم کرنا تمام فریقین کی ذمہ داری ہے۔