اسلام آباد: اسلام آباد ہائیکورٹ نے شیر افضل مروت کو کسی بھی مقدمے میں بغیر اجازت گرفتاری سے روک دیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کی جسٹس سمن رفعت امتیاز نے شیر افضل مروت کی درخواست پر تحریری حکم نامہ جاری کیا۔ عدالت نے پی ٹی آئی کے رہنما کو کسی بھی مقدمے میں بغیر عدالت کی اجازت کے گرفتار کرنے سے روک دیا ہے۔
عدالت نے شیر افضل مروت کے خلاف مقدمات کی تفصیلات طلب کی ہیں اور سیکرٹری داخلہ، آئی جی اسلام آباد، آئی جی پنجاب اور ایف آئی اے کو نوٹسز جاری کیے ہیں۔ فریقین کو حکم دیا گیا ہے کہ وہ شیر افضل مروت کی درخواست پر پیرامیٹرائز کمنٹس جمع کرائیں۔
عدالتی حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ وکیل درخواست گزار نے عدالت کو آگاہ کیا ہے کہ شیر افضل مروت کو کسی خفیہ مقدمے میں گرفتار کیے جانے کا خدشہ ہے، اس لیے انہیں عدالت کی اجازت کے بغیر کسی بھی مقدمے میں گرفتار نہ کیا جائے۔
شیرافضل مروت نے یہ درخواست وکلا عادل عزیز قاضی اور ریاست علی آزاد کے ذریعے دائر کی تھی۔