ابوجا (ڈیلی پاکستان آن لائن): شمالی نائیجیریا کی ریاست کدونا میں جشن میلاد النبی ﷺ کی تقریب میں شرکت کے لیے جانے والی بچوں کی بس کو حادثہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں 25 بچے جاں بحق ہو گئے۔
یروڈ سیفٹی ایجنسی (ایف آر ایس سی) کے مقامی سربراہ کبیرو نادابو کے مطابق، حادثہ اتوار کے روز تیز رفتاری کے باعث پیش آیا جب ڈرائیور نے بس پر قابو کھو دیا اور وہ ایک ٹرک سے جا ٹکرائی۔ حادثے میں بچوں اور منتظمین سمیت 40 افراد زخمی ہوئے۔ نادابو نے بتایا کہ "بس میں کل 63 بچے سوار تھے، اور ڈرائیور لاپرواہی سے گاڑی چلا رہا تھا۔”
حادثے کے فوراً بعد 15 بچے موقع پر ہی دم توڑ گئے، جبکہ 48 زخمیوں کو مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا گیا، جہاں مزید 10 بچے جانبر نہ ہو سکے۔ یوں حادثے میں جاں بحق ہونے والے بچوں کی تعداد 25 تک پہنچ گئی۔
یہ بچے کواندارے گاؤں سے تعلق رکھتے تھے اور جشن میلاد النبی ﷺ کی سالانہ تقریب میں شرکت کے لیے قریبی قصبے سمیناکا جا رہے تھے۔