لاہور: طالبہ سے زیادتی کے معاملے پر پولیس کا گریز، طلباء کا کینال روڈ پر احتجاج۔

احتجاج

لاہور: نجی کالج میں طالبہ سے مبینہ زیادتی کے واقعے پر پولیس کی جانب سے تاحال تصدیق نہیں کی گئی، جس پر طلباء نے کینال روڈ پر احتجاج کیا۔

ڈی آئی جی آپریشنز کا کہنا ہے کہ نجی کالج میں طالبہ سے مبینہ زیادتی کے معاملے کی تحقیقات جاری ہیں، تاہم اب تک طالبہ سے زیادتی کی تصدیق نہیں ہو سکی۔ پولیس کے مطابق، 4 سے 5 نجی ہسپتالوں میں طالبہ کے داخلے کا کوئی ریکارڈ نہیں ملا، جبکہ سیکیورٹی گارڈ پولیس کی تحویل میں ہے، لیکن وہ اس واقعے سے انکاری ہے۔ کالج کے کلوزسرکٹ کیمروں سے بھی کوئی شواہد نہیں ملے، لہٰذا پولیس نے طلباء کو افواہوں پر یقین نہ کرنے کی تاکید کی ہے اور کہا ہے کہ اگر کوئی متاثرہ طالبہ ہے تو وہ پولیس کو اطلاع دے، پولیس مکمل تعاون کرے گی۔

دوسری جانب، مبینہ زیادتی کے واقعے پر کالج کے طلباء اور طالبات نے مسلم ٹاؤن موڑ کے قریب کینال روڈ پر احتجاج کیا، جس دوران ایک طالب علم شدید زخمی ہو گیا جب کہ احتجاج کے دوران ایک طالبہ کی حالت بھی خراب ہوئی۔ احتجاجی طلباء کا الزام ہے کہ کالج کے گارڈ نے ایک طالبہ اور ایک طالب علم پر تشدد کیا، جنہیں بعد ازاں اسپتال منتقل کیا گیا۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز گلبرگ میں ایک نجی کالج کی طالبہ کے ساتھ سیکیورٹی گارڈ کی جانب سے مبینہ زیادتی کی خبر سامنے آئی تھی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے