اسلام آباد: اڈیالہ جیل کی انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ بشریٰ بی بی کو خواتین وارڈ کے انتہائی محفوظ سیل میں رکھا گیا ہے۔ جیل کے عملے کو سپرنٹنڈنٹ جیل کی اجازت کے بغیر بشریٰ بی بی کے سیل میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہے۔
یہ معلومات سپیشل جج سینٹرل شارخ ارجمند کی عدالت میں جمع کرائی گئی ایک رپورٹ میں دی گئی ہیں، جس میں کہا گیا ہے کہ بشریٰ بی بی کے ساتھ ایک تربیت یافتہ عملہ تعینات ہے۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ بشریٰ بی بی کی طبی دیکھ بھال کے لیے ایک خاتون میڈیکل افسر بھی موجود ہے، اور ہولی فیملی ہسپتال راولپنڈی کے چھ سینئر ڈاکٹرز کی ٹیم ہر ہفتے ان کا طبی معائنہ کرتی ہے۔ اس کے علاوہ، ڈاکٹر 24 گھنٹے ان کی صحت کے لیے دستیاب رہتا ہے۔
جیل انتظامیہ نے یہ بھی بتایا کہ ہر ہفتے اسلام آباد سے ماہر ڈاکٹرز بھی قیدیوں کے طبی معائنے کے لیے جیل کا دورہ کرتے ہیں، تاکہ قیدیوں کی صحت کا خاص خیال رکھا جا سکے۔