الیکشن کمیشن نے کاغذات نامزدگی جمع کروانے میں دو روز کی توسیع کر دی-

ملتان (مانیٹرنگ ڈیسک – 22 دسمبر 2023ء): الیکشن کمیشن نے کاغذات نامزدگی جمع کروانے کی مدت میں دو روز کی توسیع کر دی ہے۔ الیکشن کمیشن نے اعلان کیا ہے کہ عام انتخابات میں حصہ لینے والے امیدوار 24 دسمبر تک کاغذات نامزدگی جمع کروا سکتے ہیں۔ الیکشن کمیشن کے جاری شیڈول کے مطابق، امیدوار 20 سے 22 دسمبر تک اپنے کاغذات نامزدگی جمع کروا سکتے تھے۔ الیکشن کمیشن سے جے یو آئی ف اور ایم کیو ایم نے کاغذات نامزدگی کی تاریخ میں توسیع کا مطالبہ کیا تھا۔

پاکستان مسلم لیگ ن نے بھی الیکشن کمیشن کو کاغذات نامزدگی کی تاریخ میں توسیع کی درخواست دی ہے۔ مسلم لیگ ن کی جانب سے 2 دن کی مزید توسیع کیلئے الیکشن کمیشن کو خط لکھ دیا گیا ہے، اس مقصد کے لیے خط مسلم لیگ ن کے الیکشن سیل کے چیئرمین اسحاق ڈار نے لکھا، خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کی تاریخ 8 فروری رہے، کاغذات نامزدگی جمع کروانے کے لیے 2 دن مزید دیے جائیں کیوں کہ کاغذات نامزدگی جمع کروانے اور این او سیز بھی لینے ہوتے ہیں اس لیے وقت میں اضافہ کیا جائے اور اگر الیکشن کمیشن کاغذات جمع کرانے کیلئے 2 دن کی توسیع کردے تو امیدواروں کو آسانی ہوگی۔

اسی طرح جمعیت علماء اسلام ف بھی الیکشن کمیشن سے آئندہ عام انتخابات کے لیے امیدواروں سے کاغذات نامزدگی وصول کرنے کی تاریخ میں توسیع کا مطالبہ کر چکی ہے، مولانا فضل الرحمان کی جماعت جے یو آئی ف کے سینیٹر کامران مرتضٰی نے چیف الیکشن کمشز سکندر سلطان راجہ کو ایک خط لکھا، جس میں انہوں نے مطالبہ کیا کہ کاغذات نامزدگی کی وصولی کیلئے 3 دن کا اضافہ کیا جائے کیوں کہ سیاسی جماعتوں نے امیدواروں کو پارٹی ٹکٹ تقسیم کرنے ہیں، کاغذات نامزدگی کی وصولی کا وقت بڑھانے کے لیے سکروٹنی کے وقت میں کمی جاسکتی ہے جس کو 7 کم کرکے 4 دن کرنے سے پولنگ 8 فروری کو ممکن ہوگی، ہم دیگر انتخابی شیڈول سے مکمل طور پر مطمئن ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے