لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک – 26 جنوری 2024ء): مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ پوری قوم جانتی ہے نوازشریف نے ملک کی کتنی خدمت کی، تکلیف میں گھرے پاکستانی عوام نوازشریف کو آواز دے رہے ہیں۔
نجی ٹی وی بول نیوز کے مطابق مریم نواز کا بورے والا میں جلسے کے دوران کہنا تھا کہ مخالف جماعتیں جہاں بھی جلسے کریں وہاں مسلم لیگ (ن) کے منصوبے نظر آتے ہیں، ہماری پارٹی کو اپنی کارکردگی پیش کرنے کی ضرورت نہیں، پنجاب میں مخالف جماعتوں کو انتخابی جلسوں میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ پنجاب میں آ کر نوازشریف پر تنقید کر رہے ہیں جہاں سے وہ آئے ہیں وہاں جا کر دیکھیں سکولوں میں مویشی بندھے نظر آتے ہیں۔ تمام مخالف جماعتیں پنجاب میں آ کر ووٹ مانگ رہی ہیں اور جنوبی پنجاب کے نام پر سیاست کر رہی ہیں، لوگ جنوبی پنجاب کے نام پر عوام کو بے وقوف بنا کر چلے گئے۔ مسلم لیگ (ن) ہی وہ جماعت ہے جس نے عوام کی حقیقی طور پر مدد کی ہے۔