لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ مواخذہ کی بجائے انتخابی عمل سے عارف علوی کی جگہ دوسرا صدر منتخب کرائیں گے۔
نجی ٹی وی دنیا نیوز کے مطابق سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ صدارت عارف علوی کے بس کی بات نہیں، میرے خیال میں صدر عارف علوی پر آئین توڑنے پر 2 مقدمات ہوں گے۔ آئین میں لکھا ہے ہر حال میں قومی اسمبلی کا اجلاس 29 فروری کو بلانا ہے، عارف علوی پر ایک مقدمہ عدم اعتماد کے وقت اسمبلی توڑنے کا ہو گا۔ ان پر دوسرا مقدمہ آئین کے مطابق قومی اسمبلی کا اجلاس نہ بلانے کا ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ اڈیالہ جیل میں بیٹھا شخص اپنی غلطیاں تسلیم کرنے کیلئے تیار نہیں۔ ہم نے اپنی غلطیوں سے سیکھ کر آگے کی منصوبہ بندی کی مگر تحریک انصاف اپنی غلطی تسلیم کرتی ہے نہ آئین اور جمہوریت کو مانتی ہے۔